دینی علوم کا حصول اور ان کافروغ ہماری بنیادی ذمہ داری ہے : مولانا سعیدالرحمن اعظمی

جودھپور میں عظیم الشان تعلیمی بیداری کانفرنس کااہتمام

admin

جودھپور : اس شہر آفتاب کے قدیم ترین دینی مدارس میںسے ایک دارالعلوم العربیہ الاسلامیہ میں ایک تعلیمی بیداری کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت مشہور ماہرِ اسلامیات اور مولانا آزاد یونیورسٹی جودھپور کے پریسیڈینٹ پدم شری پروفیسر اختر الواسع نے کی اورمہمانِ خصوصی کے طور پر مولاناڈاکٹر سعیدالرحمٰن اعظمی مہتمم دارالعلوم ندوۃ العلماء اور چانسلرانٹیگرل یونیورسٹی لکھنؤ شامل ہوئے ۔مہمانوں کا استقبال مدرسے کے مہتمم اور مارواڑ مسلم ایجوکیشنل اینڈ ویلفئر سوسائٹی جودھپورکے جنرل سیکریٹری محمد عتیق صاحب نے کیا۔

                مولانا داکٹر سعیدالرحمٰن اعظمی نے کہا کہ دینی علوم کا حصول اور ان کافروغ ہماری بنیادی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا دینی مدرسے اُمّت کی ایمان سے وابستگی کی پہچان ہیں۔ یہ مدارس ہماری مذہبی زندگی میں اہم رول انجام دینے والے علماء، مفتی، قاضی،مفسر، محدث، امام اور مؤذّن پیدا کرتے ہیں۔انہوں نے جودھپور میں قائم اس مدر سے کو ایک اہم تاریخی ادارہ قرار دیا کیونکہ حکیم الامّت مولانا اشرف علی تھانوی کے خلیفۂ اجل حاجی عبدالغفورصاحب نہ صرف اس کے بانی تھے بلکہ تاحیات ان کی اس سے وابستگی رہی ۔

                اپنے صدارتی خطبے میں پروفیسر اخترالواسع نے کہا کہ ہمارے مدر سے مسلم سماج کی شہ رگ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ہمارے دینی مدارس نے مسلمانوں خاص طور پر پس ماندہ اور غریب مسلمانوں میںخواندگی کوعام کرنے کا بڑا کام کیا۔

نیز دینی مدارس کا ایک بڑا کارنامہ یہ بھی ہے کہ شمال مغربی ہندوستان میں آج اردو انہیں کی وجہ سے زند ہ ہے اور اردو میں قاری انہیںکی عطا ہیں۔ جناب محمد عتیق صاحب نےمدرسے کی تاریخ پر روشنی ڈالی اور یہ بتایاکہ یہ مدرسہ اس اعتبار سے ممتاز ہے کہ یہاں سے فارغ ہونے والے طالب علم عا لمیت کی سند کے ساتھ ساتھ اب راجستھان بورڈ کابارہویں کا سرٹیفکیٹ لے کر بھی نکلیں گے۔

                اس جلسے کی نظامت مولانا شاہد حسین ندوی نے کی اور اس کا اہتمام عبدالکریم ندوی،صدرمدرس دارالعلوم العربیہ الاسلامیہ نے کیا۔اس کانفرنس میں کثیر تعداد میں جودھپور کے علماء، ائمہ کرام اور معززین شامل ہوئے جن میں حاجی عباداللہ قریشی،حاجی محمد حسن غوری، حاجی محمد اسحٰق، مولانا عبدالرحمن ، ماسٹرمحمدخورشید،مولانا محمدجاوید،مولانا انیس الدین اور مولانا محمد ایوب کے اسمائے گرامی اہم ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *