قومی اردو کونسل کی کتاب وین سے محبان اردو کو فائدہ اٹھانا چاہیے: ڈاکٹر شیخ عقیل احمد

قومی اردو کونسل کی کتاب گاڑی تلنگانہ،آندھرا پردیش اور مہاراشٹرکے دورے پر

Azhar Umri Agra

نئی دہلی: قومی اردو کونسل اردو زبان کو گھر گھر پہنچانے کے لیے کمربستہ ہے اور اسی مقصد کے لیے قومی اردو کونسل نے کتابوں کی موبائل وین کا آغاز کیا تھا جو پورے سال ملک کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتی ہے ۔ اس وین کے ذریعے کونسل کی کتابوں کواپنے شہر میں ہی رعایتی قیمت پر حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ یہ اسکیم محبان اردو کے لیے کسی نادر تحفے سے کم نہیں جس سے سبھی اردو والوں کو فائدہ اٹھانا چاہیے ۔ یہ باتیں قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے کہیں ۔ انھوں نے مزید کہا کہ فی الحال ہماری موبائل وین نظام آباد میں موجود ہے ۔ وہاں کے اداروں ، تنظیموں سے میری خصوصی گزارش ہے کہ وہ اس کتاب گاڑی سے مستفید ہوں اور مقامی میڈیا سے بھی کہیں کہ آپ کے شہر تک قومی اردو کونسل اس طرح کتابیں پہنچا رہی ہے، مقامی میڈیا اس سے متعلق خبروں کی اشاعت پر توجہ دے ۔ انھوں نے مرکزی حکومت کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت اردو زبان و ادب کی ترقی کے لیے سنجیدہ ہے ۔ ہمارے مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل عالی جناب رمیش پوکھریال نشنک جی خود بھی ادب دوست ہیں ۔ ہندی کے نامور ادیبوں میں ان کا شمار ہوتا ہے ۔ ان کی نظ میں اور کہانیاں بے حد مقبول ہوئی ہیں ۔ ان کی تخلیقات کے ترجمے بھی کئی زبانوں میں ہوچکے ہیں ۔ ایسے ادب دوست کا فروغ انسانی وسائل کا وزیر ہونا ہم اردو والوں کے لیے فخر کی بات ہے جو اردو کو ہندوستان کی بیٹی سمجھتے ہیں اور اس کی خوشبو ساری دنیا میں پھیلانا چاہتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے مرکزی وزیر بھی کونسل کی اس کتاب موبائل وین سے حد درجہ متاثر ہیں ۔ انھوں نے اسی طرح کی دو مزید وین خریدنے کو بھی منظوری دی ہے ۔ ہم وزیر موصوف کی اردو دوستی پر ناز کرتے ہیں ۔ ڈائرکٹر شیخ عقیل احمد نے مزید کہا کہ نظام آباد کے بعد یہ گاڑی ناندیڑ، پربھنی، جالنہ، دولت آباد،اورنگ آباد،احمد نگر، سری رامپور، پمپری اور پونے کا دورہ کرے گی ۔ اس لیے ان شہروں کے اہالیان اردو سے میری اپیل ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں کتابیں خریدیں اور قومی اردو کونسل کی فروغ اردو مہم میں اپنا تعاون پیش کریں ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *