ہمارے بارے میں

ایشیا ٹائمز

ہمارے بارے میں

ملک وملت کی خدمت کا جذبہ ،مکروفریب پر مبنی صحافت سے گریز جھوٹی تشہیر اور افواہ سے اجتناب، سچائی اورمعیار کی برقراری کے وعدے کے ساتھ’’ایشیاءٹائمز ‘‘کی صورت میں انٹرنیٹ کی لامحدود دنیا میں چراغ راہ دکھانے کی ہماری یہ ادنی سی محض کوشش ہے۔جس کے ذریعہ ہم ویب کی دنیا میں اردواور خصوصاً ملک وملت کے حوالہ سے معروضی انداز میں خبریں فیچرس، مضامین، کالم اور ڈاکیومینٹری فلمیں فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔ہمارے پاس کوئی بہت زیادہ وسائل نہیں ہیں جس کے ذریعہ ہم انگریزی اور ہندی کے بڑے اخبارات،ویب سائٹس اورٹیلی ویژنوں کا مقابلہ کرسکیں اورہمارا یہ مقصد بھی نہیں ہے ۔

 ہم اپنا یہ سفر بس اللہ کے بھروسے، اس کے توکل اور ایک چھوٹی مگر حوصلہ مند باہمت اور اولوالعزم نوجوانوں کی ٹیم سے کررہے ہیں۔جن کے حوصلے،اڑان اور تجربات گرچہ ابھی نئے ہیں لیکن لہو گرمی ، حوصلوں میں توانائی ، پرواز کا شوق اور ارادوں میں پختگی ہے ۔ بزرگوں کی رہنمائی اور نیک تمنائیں ہیں۔جن کا ماننا ہے کہ کوششیں ثمر بار بھی اسی وقت ہوتی ہیں، جب انسان خود کو کوسنے، کسی کو برابھلا کہنے اور کم مائیگی کا رونا رونے کے بجائےاپنے کام کا آغاز کردے۔تنکا تنکا سے ہی آشیانہ بنتا اور اور مواد کی عمدہ تشکیل سے ہی ایک مضبوط اور خوبصورت عمارت کی تشکیل ہوتی ہے۔

 دلوں کا بھید تو اللہ ہی جانتا ہے۔ لیکن ہمارایہ ایقان اور ایمان ہے کہ پر خلوص محنت رائیگاں نہیں جاتی، یہی وہ عقیدہ ہے جسے لے کر ہم نے اس پرخار وادی میں قدم رکھا ہے اورفضل الہٰی کے بھروسے اورنیک جذبہ اور صدق نیت کے ساتھ اس کام کا آغاز کررہے ہیں۔جو نا ممکن کو بھی ممکن بنا دیتا ہے اور جس نے محنت و مشقت کو رائگاں نہ جانے دینے کا وعدہ کیا ہوا ہے ۔اس ذات باری سےیقیناً پوری امید ہے کہ وہ اس میں میں برکت دے گا۔جس نے آج ہمیں اس چھوٹے کام کی توفیق بخشی ہے ایک دن بڑے کام کا بھی موقع دے گا۔ ہم اپنی بساط کے مطابق ایک نیا جہان تعمیر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس کے لئے ہمیں آپ کی نیک دعاؤں اور رہنمائی کی ضرورت ہوگی۔

 جب بھی کسی اخبار، پورٹل یا میگزین کا اجراء ہوتا ہے ،تو لوگ یہ جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ اس کی پالیسی کیا ہے۔ہماری اس ویب سائٹ کے بارے میں بھی یقیناً لوگوں کے ذہنوں میں یہ بات آئی ہوگی۔بعض احباب نے یہ دریافت بھی کیا ہے۔ان کے لئے ہم یہ واضح کردینا مناسب سمجھتے ہیں کہ ہمارا مقصد اس کے علاوہ اور کچھ بھی نہیں کہ صحت مند، معیاری، معلوماتی اوراقدارپر مبنی تحریریں اور مواد فراہم کیا جائے جو ملک وملت کے لئے امن وامان کا پیغامبر ثابت ہو ۔

 بحیثیت انسان ہم سے بھی غلطی ہو سکتی ہے ۔ جس کی نشاندہی سے ہمیں یقینا خوشی ہوگی اورہمیں اس کام کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور یہی ہمارے لئے آپ کا تعاون بھی ہو گا ۔ آپ کی رائے پر ہم نہ صرف غور کریں گے بلکہ اس کی روشنی میں اپنے کسی قابل اصلاح سے رجوع کرنے میں بھی ہم جھجھک محسوس نہیں کریں گے ۔

ایڈیٹر کے بارے میں تفصیل وکی پیڈیا اردو پر دستیاب ہے جاننے کے لیے اس لنک پر کلک کریں