دہلی اقلیتی کمیشن اگلے ماہ ممتاز اقلیتی شخصیات کو سرفراز  کرے گا ؛ وگیان بھون میں ہوگی بڑی کانفرنس 

کمیشن نے دلی کے شہریوں کو دعوت دی ہے کہ وہ مذکورہ بالا ہر گروپ میں سے مطلوبہ تعداد کو نامزد کریں

Asia Times Desk

نئی دہلی: موجودہ دہلی اقلیتی کمیشن اپنا پہلا سال پورا کرنے پر اگلے ماہ کے آخری ہفتے میں ایک بڑی کانفرنس وگیان بھون میں منعقد کرنے جارہا ہے جس میں وزیر اعلیٰ دہلی اروند کیجریوال ، نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا، متعدد وزراء ،دہلی کے ایم پی، ایم ایل اے اوراہم شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔

اس موقع پر دہلی کے اقلیتی افراد کی بہترین کارکردگی کی تحسین و ستائش کے لئے کمیشن نے مندرجہ ذیل انعامات واعزازات دینے کا فیصلہ کیا ہے: ہر اقلیتی سماج سے پانچ ایسے ممتاز افراد کو اعزاز جنہوں نے کوئی خاص کام کیا ہے،

advt

ہر اقلیتی سماج کے دو طالب علموں کو اعزاز جنہوں نے ہائی اسکول اور انٹر میڈیٹ (سکنڈری اور ہائر سکنڈری) میں سب سے اعلی پوزیشن حاصل کی ہے ، دہلی اقلیتی کمیشن میں مندرج این جی اوز میں سے تین این جی اوز کو انعام جنہوں نے بہترین کام کیاہے، ہر اقلیتی سماج میں سے تین اشخاص کو انعام جنہوں نے اقلیتی لوگوں کی امداد میں نام کمایا ہے ۔

advt

ہر اقلیتی سماج میں سے دو ممتاز صحافی ، ہر اقلیتی سماج میں سے دوممتاز ٹیچر ، ہر اقلیتی سماج میں سے حقوق انسانی کے لئے کام کرنے والے دو ممتاز افراد ، اور ہر اقلیتی سماج میں سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے کام کرنے والے دو ممتاز افراد ۔

کمیشن نے دلی کے شہریوں کو دعوت دی ہے کہ وہ مذکورہ بالا ہر گروپ میں سے مطلوبہ تعداد کو نامزد کریں اور ان کی تفصیلات ثبوت اور دستاویزات کے ساتھ کمیشن کو اس کے پتے وکاس بھون، بلاک سی، اندرا پرستھا اسٹیٹ، دہلی۱۱۰۰۲پربھیجیں۔ نامزدگیوں کے ملنے کی آخری تاریخ ۳۰ جون ہے ۔اس سلسلے میں کوئی سفارش یا اعتراض قابل قبول نہیں ہوگا۔آخری فیصلہ دہلی اقلیتی کمیشن کا ہوگا۔

اس موقعے پر ہندوستان اور بین الاقوامی تناظر میں اقلیتی حقوق کے بارے میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے پروفیسر آفتاب عالم ، جو اقلیتی حقوق پر اکسپرٹ سمجھے جاتے ہیں،کلیدی خطبہ دیں گے۔ کانفرنس میں دہلی اقلیتی کمیشن کی نئی سالانہ رپورٹ کے ساتھ ساتھ کمیشن کی مسلم اور عیسائی قبرستانوں پر رپورٹیں بھی جاری کی جائیں گی۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *