ہندوستان اور امریکہ کے وزراء خارجہ اور وزراء دفاع کی ‘ٹو پلس ٹو’ بات چیت

Asia Times Desk

نئی دہلی، (یو این آئی) ہندوستان اور امریکہ کے وزراء خارجہ اور وزراء دفاع کی ‘ٹو پلس ٹو’ بات چیت کے بعد وزیر خارجہ سشما سوراج، وزیر دفاع نرملا سیتا رمن کے ہمراہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپيو اور امریکی وزیر دفاع جیمس میٹس نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔

سات لوک کلیان مارگ پر واقع وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر ہو نے والی اس ملاقات میں دونوں ملکوں کے ہم منصب وزراء نے وزیر اعظم کو بات چیت کے نتائج سے واقف کیا۔ اس موقع پر خارجہ سکریٹری وجے گوکھلے، دفاعی سکریٹری سنجے مترا، امریکہ میں ہندوستان کے سفیر نوتیج سرنا اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

جواہر لال نہرو بھون میں واقع وزارت خارجہ کے دفتر میں ہونے والی ٹو پلس- ٹو ملاقات میں ہندوستان اور امریکہ نے جمعرات کو ایک اور بہت اہم فوجی معاہدے ‘مواصلاتی موافقت و سلامتی معاہدہ’ (سی سی ایس اے) پر دستخط کئے،جس سے اب ہندوستان کو اعلی ترین دفاعی ٹیکنالوجی حاصل ہو سکے گی۔

دونوں ممالک نے وزراء دفاع اور وزرائے خارجہ کے درمیان ہاٹ لائن شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جس سے دونوں وزراء دفاع اور وزرائے خارجہ کے درمیان براہ راست رابطہ قائم ہو سکے گا۔ دونوں ممالک کی تینوں افواج کے درمیان پہلی بار آئندہ سال ہندوستان میں مشترکہ فوجی مشق کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ یہ مشق مشرقی ساحل پر کی جائے گی۔ ہندوستان اور امریکہ نے جوہری سپلائر گروپ میں ہندوستان کی رکنیت جلد سے جلد یقینی بنانے کے لئے مل کر کام کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *