اقلیتوں کی تعلیم پر دہلی حکومت خصوصی توجہ دے گی وقف بورڈ کھولے گا 50 اسکول ۔امانت اللہ خان

کمپٹیشن میں کامیابی کے لیے کوچنگ لازمی۔عبدالقدیر خاں

Asia Times Desk

 دہلی: آج شام جامعہ نگر دہلی میں شاہین اکیڈمی کا افتتاح دہلی تعلیمی بورڈ کی ممبر آتشی صاحبہ  نے کیا   ۔اس موقع پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے آتشی صاحبہ نے دہلی حکومت کی تعلیمی پالیسی اور کارکردگی پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔انھوں نے کہا کہ ہماری حکومت تمام طبقات کے لیے بلا تفریق کام کررہی ہے۔
ہم نے دہلی کے سرکاری اسکولوں کوپرائیویٹ اسکولوں سے بہتر کیا ہے۔دہلی وقف بورڈ کے چیرمین اور اوکھلا اسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے جناب امانت اللہ خاں نے کہا کہ اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں کی تعلیمی پسماندگی
دور کرنے کے لیے دہلی وقف بورڈ انڈین مسلم انٹیلیکچولس فورم کے تعاون سے اسی تعلیمی سیشن میں پچاس اسکول شروع کرنے جارہا ہے ۔
ڈاکٹر عندالقدیر بانی شاہین انسٹیٹیوشنس بیدر کرناٹک
 موصوف نے شاہین اکیڈمی کے قیام پر منتظمین کو مبارک باد دی اور اپنی نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔شاہین گروپ آف انسٹیٹیوشنس بیدر کرناٹک کے چیرمین  عبدالقدیرخاں نے ادارے کی کامیابیوں اور خصوصیات کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں مقابلہ جاتی امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے کے لیےکوچنگ بہت ضروری ہے۔عبد القدیر صاحب نے بتایا کہ اس سال شاہین کے 450 سے زائد بچوں نے MBBSکی گورنمنٹ سیٹیں حاصل کی ہیں۔اس میں 20 بچے حافظ قرآن بھی ہیں
۔شاہین اکیڈمی دہلی کے مینیجنگ ڈائریکٹر اور معروف ماہر تعلیم جناب کلیم الحفیظ نے حاضرین اور مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے شاہین گروپ آف انسٹیٹیوشنس بیدر کرناٹک کا شکریہ ادا کیا کہ اس نے اپنی شاخ دہلی کے جامعہ نگر میں قائم کی۔حاضرین سے اپنے خطاب میں کلیم الحفیظ صاحب نے کہا کہ کسی بھی فرد یا قوم کی تصویر اور تقدیر تعلیم سے ہی بدل سکتی ہے،ملک کی خدمات کے اعلیٰ ترین عہدوں کا حصول اورعوامی خدمات کے لےے انجینئرنگ اور میڈیکل جیسے شعبہ جات میں سرکاری سہولیات سے استفادے کے لیے کوچنگ ضروری ہے ۔
انھوں نے کہا کہ اوکھلا میں شاہین اکیڈمی کے قیام سے اس علاقے کے بچوں کو بڑی سہولت حاصل ہوگی۔موصوف نے اس کا بھی ذکر کیا کہ اس اکیڈمی میں فیس تو لی جائے گی لیکن ذہین مگر معاشی طورپر کمزور بچوں کو خصوصی رعایت دی جائے گی۔ افتتاحی تقریب سےروزنامہ راشٹریہ سہارا کے گروپ ایڈیٹر جناب مشرف عالم ذوقی اور اکیڈمی کے اکیڈمک ڈائریکٹر جناب جاوید صاحب نے بھی خطاب کیا۔قبل ازیں منتظمین کے جانب سے معزز مہمانوں کا گل دستہ دے کر استقبال کیا گیا۔افتتاحی تقریب سے پہلے قرآن خوانی اور دعا کا اہتمام کیا گیا۔افتتاحی تقریب میں بڑی تعداد میں اہل علم ،ڈاکٹرس،اساتذہ،اور صحافی حضرات نے شرکت کی۔ نظامت کے فرائض مشہور اسلامی اسکالر ڈاکٹر سلمان اسعد نے انجام دیے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *