اسٹوڈنٹس سینٹر کا قیام ایس آئی او دہلی کا لائق ستائش قد م: مولانا عمری 

Asia Times Desk

 نئی دہلی : ایس آئی او آف انڈیا ریاست دہلی کے پہلے باقاعدہ اسٹوڈنٹس سینٹر کا افتتاح امیر جماعت اسلامی ہند مولانا سید جلال الدین عمری کے بدست عمل میں آیا ۔اس موقع پر مولانا نے  کہا کہ اسٹوڈنٹس سینٹر کا قیام ایس آئی او دہلی کا ایک لائق ستائش اقدام ہے، اس کے لیے ایس آئی او دہلی کے ذمہ داران بہت بہت مبارکباد کے مستحق ہیں
۔افتتاحی کلمات جناب عبدالوحید صاحب نے پیش کرتے ہوئے ایس آئی او دہلی کی نمایاں سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور اس سلسلے میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی فرمائی۔اس موقع پر ایس آئی او آف انڈیا کے کل ہند صدر جناب لبید شافعی صاحب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہلی طلبائی اورتعلیمی جدوجہد کا ایک ایسا مرکز ہے جو ملک بھر کے تعلیمی اداروں اور تعلیمی جدوجہد پر اثرانداز ہوتا ہے،
ہماری جدوجہد یہاں جس قدر مضبوط ہوگی، اور ہم یہاں پر تعلیمی اداروں اور طلبائی جدوجہد کو جو رُخ دیں گے وہی رخ ملکی سطح پر مقبول ہوگا، اس لیے ریاست دہلی میں ہماری جدوجہد تیز سے تیز تر ہوجانی چاہئیں۔ بعد ازاں ایس آئی او ریاست دہلی کے صدر ابوالاعلی سید سبحانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سینٹر دہلی میں طلبہ ونوجوانوں کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کا ایک اہم مرکز بنے، یہ ہماری اوّل روز سے کوشش رہے گی، اور یہی فی الواقع اس مرکز کے قیام کا بنیادی مقصد بھی ہے۔
اس پروگرام میں نائب امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی ، قیم جماعت اسلامی ہند انجینئر سلیم ، ہیومن ویلفیئر فاونڈیشن کے ذمہ دار مامونی مولوی صاحب،  رفیق احمد  اور دیگر معزز مہمان بھی موجود تھے۔
اس دوران مرکز جماعت اسلامی ہند میں امرائے حلقہ جات جماعت اسلامی ہند کی میٹنگ میں شریک مہمانوں کے اعزاز میں عصرانہ کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں دہلی کے مختلف کیمپسوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ اور نوجوان بھی شریک رہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *