ایس آئی او آف انڈیا کا کل ہند مسابقہ برائے طلبہ مدارس ‘ تفوق ‘ 14-15 ستمبر کو 

Asia Times Desk

نئی دہلی(یو این آئی) ہندوستان میں مسلم طلبہ اور نوجوانوں کی سب سے بڑی تنظیم اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او)اسلامی علوم کے شائقین او رمدارس کے طلبہ کے لئے ’تفوق‘ کے عنوان سے 14-15ستمبر کو علی گڑھ میں ایک کل ہند مسابقہ کا انعقادکررہی ہے۔

ایس آئی او کے نیشنل سکریٹری توصیف احمد نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں اس کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ مدراس کے طلبہ کے لئے یہ تنظیم ریاستی سطح پر مختلف مسابقتی پروگرام کرتی رہی ہے تاہم پہلی مرتبہ کل ہند سطح پر ’تفوق‘ کے نام سے یہ مسابقہ منعقد کیا جارہا ہے۔ اس میں پانچ سو سے زائد طلبہ حصہ لیں گے۔اس سے طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کو ابھارنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ایس آئی او مدارس میں دینی علوم کے ساتھ ساتھ عصری علوم کو شامل کرنے کے حق میں ہے ۔اس نے پانچ سو مدراس کا ایک سروے رپورٹ تیار کیا تھا جسے حکومت اور اقلیتی امور کی وزارت کو بھی پیش کیا گیا ۔

انہوں نے بتایا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ اس رپورٹ کی بعض سفارشات کو کرناٹک حکومت نے اپنی تعلیمی پالیسی میں شامل بھی کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مدراس جامد تعلیمی ادارہ نہ رہیں بلکہ وہ اپنے شاندار ماضی کی طرح تخلیقی علمی اور تربیتی مرکز کی طرح کام کریں۔

پروگرام کے کنوینر مولانا عبدالودود نے بتایا کہ ’تفوق‘ کے تحت حفظ، تجوید، ڈیبیٹ، مضمون نگاری اور کوئز کے مقابلے ہوں گے جس میں شرکت کے لئے دس ستمبر تک ایس آئی او کی ویب سائٹ پر آن لائن رجسٹریشن کرایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مقابلے میں اول ، دوم اور سوم مقامات حاصل کرنے والے طلبہ کو پچیس، پندرہ اور دس ہزار روپے کے نقد انعامات دئے جائیں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس مقابلہ میں دارالعلوم دیوبند، ندوۃ العلماء لکھنؤ سمیت تمام بڑے مدارس کے طلبہ حصہ لیں گے۔

اس موقع پر ریڈینس ویکلی کے چیف ایڈیٹر اعجاز احمد اسلم نے کہا کہ مدراس کے سلسلے میں اہل وطن میں بہت ساری غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں انہیں دو رکرنے کی ضرورت ہے اور مدارس کو بھی ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ سماج کے تمام طبقے کوساتھ لے کر چلا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *