تنویر آفاقی نے پیش کیا “خلاصہ مضامین قرآن” : تراویح کے ساتھ ساتھ خلاصہ تراویح کا بھی کریں اہتمام

اس خلاصہ کو نماز تراویح کے بعد، یا عصر یا ظہر کی نمازوں کے بعد اجتماعی طور پر سنایا جا سکتا ہے اور حسب موقع انفرادی طور پر بھی پڑھا جا سکتا ہے. اس سے انشاءاللہ قرآن مجید کے مضامین کو ذہن نشین کرنے میں مدد ملے گی.

Asia Times Desk

تصویر میں ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی سکریٹری تصنیفی اکیڈمی جماعت اسلامی ہند,   صحافی  اشرف علی بستوی ,  تنویر آفاقی فلاحی    کو ان کی اس خوبصورت کاوش پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے

نئی دہلی : (ایشیا ٹائمز / محمد اسعد فلاحی کی رپورٹ ) رمضان المبارک کے موقع پر بہت کم مقامات پر خلاصہ تراویح کا اہتمام کیا جاتا ہے. اول تو کچھ لوگوں کا مقصد بوجھ اتارنا ہوتا ہے کہ جتنی جلدی ممکن ہو سکے تراویح کو نمٹا دیا ہے، چنانچہ پانچ دس میں وہ اس سے فارغ ہو جاتے ہیں. لیکن امت مسلمہ کی ایک بڑی تعداد ایسی بھی ہے جو قرآن فہمی سے خاص دلچسپی رکھتی ہے. چنانچہ اس کی کوشش ہوتی ہے کہ تراویح کے ساتھ ساتھ خلاصہ تراویح کا اہتمام کیا جائے تاکہ قرآن کے احکام و مطالب کو بھی سمجھا جایے. چنانچہ بعض مساجد میں امام صاحب تراویح کے بعد تراویح کا خلاصہ پیش کرتے ہیں. لیکن اس میں بھی یہ مسئلہ درپیش ہوتا ہے کہ خلاصہ بیان کرنے والے اسے مرتب اور منظم انداز میں پیش کرنے سے قاصر رہتے ہیں، جس کی وجہ سے وقت بہت زیادہ صرف ہوجاتا ہے اور لوگوں تک مختصر اور جامع انداز میں بات نہیں پہنچ پاتی.

تنویر آفاقی صاحب نے اس تعلق سے سو بار مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انھوں نے ایک ایسی چیز تیار کر دی ہے جس سے برسوں استفادہ کیا جاتا رہے گا اور ان کی جھولی ہمیشہ ثواب کی بارش سے بھرتی رہے گی.

تنویر صاحب گزشتہ کچھ برسوں سے مرکز جماعت اسلامی ہند کی مسجد اشاعت اسلام میں بعد نماز عصر خلاصہ تراویح پیش کرتے رہیں ہیں اور لوگوں نے بھی اسے خوب سراہا ہے. خلاصہ تراویح کی شکل میں جو کچھ تیار کرکے وہ پیش کرتے تھے انھوں نے اسے مرتب کرکے کتابی شکل دے دی ہے.

ہم میں سے بہت سے لوگ ایسے ہیں جو عربی زبان سے نابلد ہیں اور وہ تراویح میں صرف قرآن کے سننے کا ثواب پالیتے ہیں، مگر قرآن مجید کے مضامین و مطالب اور احکام سے بے خبر رہتے ہیں. خلاصہ تراویح کے اہتمام سے اب انشاءاللہ وہ دوہرے ثواب کے مستحق بن سکتے ہیں.

تنویر آفاقی صاحب مرکز جماعت کی مرکزی لائیبریری کے انچارج ہیں. لکھنے پڑھنے سے موصوف کا گہرا تعلق ہے. انھوں نے “خلاصہ مضامین قرآن” کو مرتب کرکے امت مسلمہ کو خوبصورت تحفہ دیا ہے، جس پر وہ ہم تمام لوگوں کی طرف سے شکریہ کے مستحق ہیں. کتاب مرکزی مکتبہ اسلامی پبلشرز سے شائع ہوئی ہے، صفحات کی تعداد 100 ہے اور قیمت 90 روپے رکھی گئی ہے.

خلاصہ مضامین قرآن کی خصوصیات مرتب نے ان الفاظ میں بیان کی ہیں:

1. کوشش کی گئی ہے کہ خلاصہ طویل نہ ہو اور نہ بہت مختصر، بلکہ ایسا ہو کہ ہر سورہ کے اہم ترین مضامین اور قرآن کے جملہ احکام کا ذکر آجائے.

2. اس خلاصہ کو پارہ وار مرتب کیا گیا ہے، درمیان میں سورتوں کی بھی نشاندہی کردی گئی ہے. بعض مساجد میں تراویح میں روزانہ سوا پارہ، ڈیڑھ پارہ یا پونے دو پارہ پڑھا جاتا ہے، اس لیے ہر پارہ کے ضمن میں ربع، نصف اور ثلث کی بھی نشاندہی کردی گئی ہے.

3. بعض سورتیں دو پاروں پر منقسم ہیں، جہاں ممکن ہوا وہاں ان کا خلاصہ بھی الگ الگ پاروں میں بیان کیا گیا ہے لیکن کہیں اس بات کی رعایت کرکے سورہ کا پیش تر حصہ کس پارے میں ہے، پوری سورہ کا خلاصہ اسی پارہ میں دے دیا گیا ہے.

4. اس خلاصہ کو نماز تراویح کے بعد، یا عصر یا ظہر کی نمازوں کے بعد اجتماعی طور پر سنایا جا سکتا ہے اور حسب موقع انفرادی طور پر بھی پڑھا جا سکتا ہے. اس سے انشاءاللہ قرآن مجید کے مضامین کو ذہن نشین کرنے میں مدد ملے گی.

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مرتب کی اس خوبصورت کوشش کو قبول فرمائے اور ہم تمام لوگو کو اس سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے. آمین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *