میں لڑوں گا اور کلدیپ سینگر کو سزا دلا کر رہوں گا؛ چچا کا اعلان

Asia Times Desk

 نئی دہلی : ہم سب اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ یہاں انصاف مانگنا کتنا مشکل ہے، اناؤ اجتماعی عصمت دری کے معاملہ میں جو کچھ دیکھنے اور سننے میں آ رہا ہے وہ اس حقیقت پر مہر لگاتا ہے۔ اجتماعی عصمت دری کی متاثرہ لڑکی کے چچا نے ابھی تک جو کچھ برداشت کیا ہے وہ اس بات کی جانب چیخ چیخ کر اشارہ کر رہا ہے کہ انصاف عام آدمی کی دسترس سے کتنی دور ہے۔ متاثرہ کے چچا اپنی اہلیہ کی آخری رسومات ادا کرنے جیل سے پیرول پر آئے تھے، آخری رسومات ادا کرنے کے بعد وہ واپس جیل چلے گئے۔ اس بیچ انہوں نے کہا ’’کلدیپ سنگھ سینگر نے میرے پورے خاندان کو ختم کر دیا ہے اب صرف میں بچا ہوں، لیکن میں لڑوں گا اور اسے (کلدیپ سنگھ سینگر) سزا دلا کر رہوں گا‘‘۔ وہ جب یہ بات کہہ رہے تھے تو ان کی آنکھوں میں غصہ اور تکلیف ایک ساتھ دیکھا جا سکتا تھا۔

واضح رہے ان کی اہلیہ، متاثرہ لڑکی اور خاندان کے دیگر لوگ اپنے وکیل کے ساتھ انہیں سے ملنے رائے بریلی جیل جا رہی تھیں۔ راستہ میں ایک ٹرک نے ان کی کار کو اتنی زبردست ٹکر ماری کہ متاثرہ کی چچی اور خالہ کا موقع پر ہی انتقال ہو گیا تھا۔ الزام ہے کہ اس سڑک حادثہ کے پیچھے کلدیپ سنگھ سینگر کا ہاتھ ہے۔

لوگوں کا کہنا تھا کہ گاؤں میں ’راون راج‘ ہے، جیسے فلموں میں ولِن کی آمد پر سب اپنے دروزہ بند کر لیتے ہیں ویسے ہی یہاں کا ماحول ہے۔ گاؤں والوں کا کہنا تھا کہ متاثرہ کا چچا مجبوری میں ’سنی دیول‘ بنا ہے۔ متاثرہ کا چچا ایک لمبے وقت سے اس طاقتور ولِن سیاستداں کو دیکھ رہا تھا، اس کے ظلم برداشت کر رہا تھا۔ پھر اس نے ایک دن پردھانی کا چناؤ لڑنے کا فیصلہ کیا اور یہ بات ولِن اور اس کے ساتھیوں کو پسند نہیں آئی اور پھر وہی ہوا جو کافی وقت سے دنیا دیکھ رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *