میٹرک سے قبل ہی مسلم طلباء کے مابین سول سروسیز کے لئے ذہن سازی کی ضرورت : ڈاکٹر سید ظفر محمود

زکوٰۃ فاونڈیشن آف انڈیا کی جانب سے سول سروسیز میں کامیاب نوجوانوں کے اعزاز میں  تقریب کا انعقاد

Asia Times Desk

نئی دہلی (ایشیاء ٹائمز/ محمد علم اللہ  ) زکوٰۃ فاونڈیشن آف انڈیا کی جانب سے آج دار الحکومت دہلی کے ہوٹل سوریا میں 2018 میں سول سروسیز کے لئے منتخب کئے جانے والے مسلم نوجوانوں کے اعزاز میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا  ، جس میں ہندوستانی مسلمانوں کے اعلیٰ قائدین سمیت بڑی تعداد میں اہل علم و دانش نے شرکت کی اور نوجوانوں کو اپنے نیک دعاوں اور تمناوں سے نوازا ۔

اس موقع پر مشترکہ طور پر ملی قائدین نے مسلم نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم میں آنے اور محنت و مشقت کے ساتھ تعلیم کے میدان میں خود کی حیثیت منوانے پر زور دیا ۔

 اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زکوٰۃ فاونڈیشن آف انڈیا کے سر براہ ڈاکٹر ظفر محمود نے کامیاب ہونے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملک و قوم کی ایمانداری کے ساتھ خدمت کی ترغیب دی ۔ انھوں نے کہا کہ اس کے لئے میٹرک سے قبل ابتدائی جماعتوں میں ہی طلبہ کی ذہن سازی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ آگے چل کر خود ہی اس کے لئے تیار ہوں ، انھوں نے کہا کہ اس کے لئے مسلم والدین ، اساتذہ اور سماجی کارکنان کو زمینی سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔

اس موقع پر جمعیت علمائے ہند کے سکریٹری  نیاز فاروقی نے ہمت اور حوصلہ کی ترغیب دیتے ہوئے مسلم نوجوانوں کو سول سر وسیز اور دیگر اعلیٰ سرکاری ملازمتوں کے لئے محنت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ محنت ہی وہ نسخہ ہے جس کے ذریعے آپ ہر مشکل سے مشکل کام کو عبور کر سکتے ہیں ۔

سراج حسین سابق سول سر ونٹ نے اپنے خطاب میں کہاکہ سول سر وسیز کے امتحان کے بارے میں بلا وجہ ایسے افواہ پھیلا دئے گئے ہیں کہ یہ بہت محنت اور مشقت کا کام ہے حالانکہ اس کے لئے محض منظم طریقے سے لائحہ عمل بنانے اور اس کے لئے جٹ جانے کی ضرورت ہے ۔

اس موقع پر کامیاب ہونے والے نوجوانوں نے بھی اپنے احساسات و جذبات کا اظہار کیا جس میں انھوں نے اپنے تجربات و خیالات سامعین سے ساجھا کئے  اور کہا  کہ کسی بھی اعلیٰ ہدف کے لیے محنےت کے ساتھ ساتھ مستقل مزاجی اور تندہی کی ضرورت پڑتی ہے اگر آپ تین چیزوں پر سنجیدگی سے عمل کر لیں  تو  آپ کو کامیابی سے کوئی روک نہیں سکتا۔

بتاتے چلیں کہ امسال زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف انڈیا کی رہنمائی اور تربیت کے نتیجہ میں اس سال  18 مسلم امیدوار یو پی ایس سی   امتحانات میں کامیاب رہے ہیں۔ اس فاؤنڈیشن کے سب سے ذہین امیدوار 2009 کے آئی۔ اے۔ ایس ٹاپر جموں وکشمیر کے شاہ فیصل رہے ہیں۔ جو اب خود اس ادارے کے ساتھ جڑ چکے ہیں۔اب تک اس ادارے سے 222 سول سرونٹ کامیاب ہوکر ملک و ملت کی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔

اس  اعزازی تقریب میں   اے ایم یو کے وی سی  طارق منصور  ، جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر  ،انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے صدر  سراج الدین قریشی ،  اےا یم یو کے  سابق وائس چانسلر  لیفٹیننٹ ضمیر الدین شاہ   ،  نیوزی لینڈ کی فرسٹ سیکریٹری ہائی کمیشن  دہلی  روبن گلو گاسکی  نے شرکت کی ۔

اس موقع پر محترمہ  گلاسکی نے خصوصی طور  وزیر  اعظم نیوزی لینڈ جسینڈا آرڈرن  دہشت گردی کے خلاف  اٹھائے گئے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری یہ روایت کا حصہ ہے کہ ہم ہمیشہ تشدد اور ظلم وناانصافی کے خلاف  رہے ہیں  اور ہماری لڑائی اسی کے خلاف ہے  ۔اس موقع پر  انہوں نے کامیاب  ہونے والے نوجوانوں  کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ  آ پ صرف ہندوستان ہی نہیں بلکہ دنیا کے نمائندے ہیں آپ کو  اپنے  قول وعمل  سے دنیا میں یہ ثابت کرنا ہے کہ آپ  انسانیت کے بہترین خادم ہیں ۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *